0
Friday 5 Apr 2024 00:06
پاکستانی حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے

عالمی یوم القدس، اہلسنت رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کا خصوصی انٹرویو

متعلقہ فائیلیںمعروف اہلسنت عالم دین علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کا تعلق بنیادی طور پر پاکستان میں اہلسنت مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی مذہبی جماعت جمعیت علمائے پاکستان سے ہے اور وہ اسوقت جے یو پی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور صوبائی نائب صدر ہیں۔ علامہ قاضی احمد نورانی کا شمار پاکستان میں اتحاد بین المسلمین اور فلسطین کاز کیلئے کام کرنیوالی چیدہ شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ ملی یکجہتی کونسل سندھ کے جنرل سیکرٹری بھی ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ فلسطین فاؤنڈیشن کی سرپرست کمیٹی میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ وہ اس سے قبل جے یو پی کراچی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ ’’اسلام ٹائمز‘‘ نے مسجد اقصٰی اور فلسطین کی موجودہ صورتحال اور عالمی یوم القدس کی آمد کے موقع پر علامہ قاضی احمد نورانی کیساتھ کراچی میں تفصیلی نشست کی، اس موقع پر انکے ساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو پیش خدمت ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial


جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و صوبائی نائب صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی کا ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ امام خمینیؒ ایک عالمی انقلابی شخصیت تھے، ان کے دل میں اسلام کا درد تھا، انہوں نے عالم اسلام کے سلگتے مسائل پر جو جہت اختیار کی، اسے لوگوں نے قبول کیا، امام خمینیؒ نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد دیگر عالمی مسائل کے ساتھ ساتھ انہوں نے لوگوں کو قبلہ اول مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی کی جدوجہد کی جانب راغب کیا، اسی سلسلے میں انہوں نے ماہ مبارک رمضان کے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منانے کا اعلان کیا، اس کے ساتھ ہی دنیا بھر میں ناصرف مسلمان بلکہ غیر مسلم حریت و انصاف پسند عوام بھی مقبوضہ فلسطین پر صہیونی قبضے کے خلاف تحریک کا حصہ بن گئے، آج یہ ایک توانا تحریک بن چکی ہے۔

علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی نے کہا کہ آج فلسطین کے حق میں اسرائیل کے خلاف ناصرف مسلم دنیا بلکہ غیر مسلم دنیا میں بھی آواز بلند ہو رہی ہے کہ صہیونی اسرائیلوں کو مقبوضہ فلسطین خالی کر دینا چاہیئے، فلسطین پر تمام تر حق فلسطینیوں کا ہے، وہ مخالف ہیں کہ القدس کو کسی بھی طرح اسرائیل کا دارالحکومت قرار نہیں دینا چاہیئے، اہل غزہ نے تاریخ کی عظیم قربانی دیکر عزیمت کی داستان رقم کر دی ہے، تو عالمی یوم القدس کی اہمیت دوبالا ہو گئی ہے کہ اس سال عالمی یوم القدس ہمیں پینتیس ہزار فلسطینی شہداء و ستر اسی ہزار زخمیوں کی یاد دلا رہا ہے، جب ہم جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منا رہے ہوں گے تو ہمارے سامنے معصوم فلسطینی بچوں کی تڑپتی ہوئی لاشیں ہونگی، بے سہارا بزرگ ہونگے، تباہ شدہ مساجد، اسکول و اسپتال ہونگے، یہ سارا منظر نامہ ہمارے سامنے ہوگا، اہل ایمان و حریت پسند دنیا بھر میں پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ عالمی یوم القدس منائیں گے۔

اہلسنت رہنما نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کو سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے، اسی طرح حکومتِ پاکستان جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس کو بھی سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے پروگرامات کا انعقاد کیا جائے، تاکہ پوری دنیا کو یہ واضح پیغام جائے کہ پاکستان سرکاری سطح پر سرکاری طور پر فلسطین کی ساتھ ہے اور عالمی یوم القدس منا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1126820
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش