0
Saturday 6 Jan 2024 19:36

پاراچنار میں تحریک حسینی کے زیراہتمام شہید قاسم سلیمانی کی چوتھی برسی

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس این حسینی

آج 6 جنوری 2024ء کو علامہ سید عابد حسین الحسینی کے زیر سرپرستی اور تحریک حسینی پاکستان کے زیراہتمام مدرسہ آیۃ اللہ خامنہ ای میں شہید قدس جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے باوفا ساتھیوں کی چوتھی برسی کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء، عمائدین، سیاسی، سماجی رہنماؤں، صحافیوں اور میڈیا ایکٹوسٹس سمیت کثیر تعداد میں عوام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر علماء اور دیگر مقررین نے شہید قدس حاج قاسم سلیمانی نیز فلسطینی اور دیگر اسلامی مجاہدین اور قہرمانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہید حاج قاسم کو آزادئ قدس کا روح رواں قرار دیتے ہوئے، دنیا بھر سے اسرائیل کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو انہی کا مرہون منت قرار دیا۔ اسلام کی سربلندی اور قدس کی آزادی کی خاطر اپنی جان کی قربانی دینے پر مقررین نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

مجلس علمائے اہلبیت کے صدر علامہ ڈاکٹر سید احمد حسینی نے غزہ جنگ میں ایران اور اسکی اتحادی قوتوں کے کردار کے عنوان پر، جبکہ معلم مدرسہ جعفریہ علامہ خیال حسین دانش نے غزہ جنگ میں مسلم قوتوں کی سٹریٹیجک برتری پر گفتگو کی۔ اجتماع سے سیکریٹری انجمن حسینیہ عنایت علی طوری اور تحریک حسینی کے سینیئر رہنماء ڈاکٹر سید حسین جان نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں صدر تحریک حسینی علامہ سید تجمل حسینی نے کرم کی موجودہ صورتحال پر گفتکو کرتے ہوئے اسے غزہ سے تشبیہہ دی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت کرم کو ملک سے علیحدہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 2007ء کی طرح لوگوں پر پشاور کا راستہ مسدود کرکے انہیں افغانستان کا راستہ استعمال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جو کہ عالمی سطح پر ریاست کی بدنامی پر منتج ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عوام کو فوج کی ضرورت ہے، اسی طرح پورے ملک اور فوج کو بھی عوام کی ضرورت ہے، عوام کے بغیر ملک چل سکتا ہے، نہ ہی فوج۔

مقررین کے علاوہ ذاکرین نے شہید قاسم سلیمانی کے حوالے سے اپنے دل نشین کلام پیش کرکے اجتماع سے داد وصول کی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل دیہات کی سطح پر بھی شہید قاسم سلیمانی کی یاد میں اجتماعات اور محافل کا بندوبست کیا گیا۔ کل 5 جنوری کو پاراچنار شہر میں بھی تحریک حسینی کے زیراہتمام ایک خوبصورت سٹال لگایا گیا، جس سے شہید قاسم سلیمانی کی تصاویر، چاپی چین، کلینڈرز وغیرہ تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جن سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شہید قدس کی سیرت و کردار کو نمایاں کیا۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1107415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش