0
Tuesday 17 Sep 2024 21:41

اسرائیل کے لبنانیوں کیخلاف پیجر دھماکے، 10 افراد شہید، 3 ہزار سے زائد زخمی

اسرائیل کے لبنانیوں کیخلاف پیجر دھماکے، 10 افراد شہید، 3 ہزار سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز۔ اسرائیل نے لبنانی عوام کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ لبنان کے مختلف علاقوں میں عوام کے زیر استعمال پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے کیے گئے ہیں، جس میں 10 افرد شہید جبکہ 3 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق رابطوں کے لیے استعمال پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سے زخمی ہونے والوں میں 200 سے زائد افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے۔ حزب اللّٰہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے، جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زخمی افراد میں سے کسی کے بازوؤں، کسی کی ٹانگوں اور یہاں تک کہ کسی کے چہرے پر بھی شدید چوٹیں آئی ہیں۔

ادھر بیروت سے لبنانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حزب اللّٰہ ارکان حالیہ ماہ میں لائے گئے پیجر ڈیوائس کے نئے ماڈل استعمال کر رہے تھے۔ حزب اللّٰہ حکام کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے سکیورٹی کی بڑی خلاف ورزی ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ ان دھماکوں میں ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں حزب اللّٰہ کے سینکڑوں کارکنان بھی شامل ہیں۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے لیے اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی، اسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 400 سے زیادہ افراد اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1160654
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش