متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے سڈنی میں ہزاروں افراد نے احتجاجی مارچ کیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 15,000 افراد سڈنی میں فلسطینی عوام اور اپنی آزاد ریاست کے قیام کے ان کے جائز حق کی حمایت کے لیے مارچ اور اجتماعی ریلی میں شامل ہوئے۔ مظاہرین، جن میں بہت سے غیر تارکین وطن آسٹریلوی باشندے بھی شامل تھے، فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے اور اس ملک کی آزادی اور امن کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے۔ سڈنی سٹی ہال سے بیلمور پارک تک مارچ کیا گیا۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: ’’فلسطین میں نسل کشی بند کرو‘‘، ’’دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہوگا‘‘ اور ’’فلسطینی بچوں کا قتل عام بند کرو‘‘۔ مظاہرین نے آسٹریلوی حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی اقدامات کی مذمت کریں اور دوسرے ممالک کے امن اقدامات کی حمایت کریں۔
تقریب کی نگرانی کرنے والی سماجی تنظیم فلسطین ایکشن گروپ کے نمائندے نے کہا کہ دنیا بھر کے لوگوں کو فلسطین میں انسانی بحران اور اسرائیل کی طرف سے غزہ کے لوگوں کو خوراک، طبی سہولیات سے محروم رکھنے سے لاتعلق نہیں رہنا چاہیئے۔ تنظیم کے نمائندے نے اس بات پر زور دیا کہ آسٹریلیا میں سماجی تنظیمیں جنگ کے خلاف احتجاج اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان لوگوں کو ان کا حق دینے کی حمایت کرتے ہیں جن کی کوئی آواز نہیں ہے، ہمیں ٹریڈ یونینز، مذہبی رہنماؤں، وکلاء، انسانی حقوق کی تنظیموں کی حمایت حاصل ہے، انسانی حقوق کے کارکن اور عام آسٹریلوی یہ سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے۔