منتظر محی الدین کا تعلق جموں و کشمیر کے شہر خاص سے ہے۔ آپ سالہا سال کشمیر کے سب سے بڑے تجارتی یونین کے سربراہ رہے ہیں۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے اپنے سیاسی کیئریر کی شروعات کرنے کے بعد مختلف سیاسی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے۔ فی الوقت میں جموں و کشمیر اپنی پارٹی سے وابستہ ہیں اور پارٹی کے اسٹیٹ سکریٹری ہیں۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے نے منتظر محی الدین سے جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال پر ایک تفصیلی انٹرویو کا اہتمام کیا، جس دوران انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بی جے پی کی جانب سے چنگیزی سیاست کا بازار گرم ہے جس کے تحت یہاں کی عوام کے جمہوری حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی من مانی اور ہٹ دھرمی کا سماں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی بحالی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جس سے کشمیری عوام دستبردار ہرگز نہیں ہونگے اس کا قضیہ بھارتی عدالت عالیہ میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں سے کشمیری عوام کے جمہوری حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ منتظر محی الدین نے کہا کہ کشمیر میں کالے قوانین، بربریت، تشدد اور غیر جمہوری قوانین کا تسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بھر میں سالہا سال سے نوجوانوں پر کالے قوانین کا اطلاق عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کو ہرگز گلے لگانے کے لئے تیار نہیں ہے۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ) https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial