متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید ظفر جعفری
پاکستان کی اقصادی شہ رگ شہر کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ایرانی مصنوعات کی تین روزہ "میڈ اِن ایران" نمائش جاری ہے۔ سولہ جنوری بروز پیر میڈ ان ایران نمائش کا افتتاح گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، ایران ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے سربراہ علی رضا پیمان پاک، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر عرفان اقبال شیخ سمیت بڑی تعداد میں ایرانی اور پاکستانی حکام و کاروباری شخصیات بھی ہمراہ تھے۔ افتتاحی تقریب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ایران ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے سربراہ علی رضا پیمان پاک نے خطاب کیا، جبکہ کراچی میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان اور صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے میڈیا سے گفتگو کی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، سربراہ ایران ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن علی رضا پیمان پاک، صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ و دیگر ایرانی و پاکستانی حکام و کاروباری شخصیات کے ہمراہ اسٹالز کا دورہ کیا اور نمائش میں مختلف اسٹالز پر موجود ایرانی مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
’’میڈ ان ایران‘‘ نمائش میں 75 ایرانی کمپنیوں کے 80 سے زائد اسٹال لگائے گئے ہیں۔ نمائش میں شامل ایرانی کمپنیوں کی جانب سے تیل اور گیس، پیٹرو کیمیکل اینڈسٹریز، فوڈ انڈسٹریز، اسٹیل کاپر انڈسٹریز، تعمیرانی سامان، صنعتی مشینری، ٹیکسٹائل، پولیمر مصنوعات، سافٹ ویئر سروسز، پانی و بجلی کی صنعتیں، ٹائلز اور سیرامکس، کان کنی، زرعی مصنوعات، پیکیجنگ مصنوعات، گھریلو آلات و دیگر شعبوں میں ایرانی مصنوعات اور پروڈکشنز بھی رکھی گئی ہیں۔ نمائش میں پاکستانی تاجروں، صنعتکاروں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے ایرانی مصنوعات میں دلچسپی کا اظہار کیا اور اس نمائش کو پاک ایران تجارتی مراسم کیلئے حوصلہ مند قرار دیا۔ ایرانی مندوبین نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور ایران کے بارے میں گرمجوشی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایرانی مصنوعات کیلئے بڑی مارکیٹ ہے، امید ہے پاک ایران تجارتی حجم میں اضافے سے پاک ایران تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ "میڈ اِن ایران" نمائش اٹھارہ جنوری تک جاری رہے گی۔
قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial