اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ ڈاکوؤں کے خلاف کافی کامیابیاں مل چکی ہیں۔ لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پولیس نے سندھ کے عوام کے لیے جرائم پیشہ عناصر سے لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمور میں شام کے بعد کوئی سڑک پر نہیں آسکتا تھا اب روڈ بحال کردیا ہے۔ ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ ڈاکوؤں کے خلاف کافی کامیابیاں ملی ہیں، سکھر اور گھوٹکی میں جرائم کم ہوئے ہیں۔ لاڑکانہ میں وزیر داخلہ سندھ اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کی صدارت میں اجلاس ہوا، جس میں کچے میں جاری ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔