اسلام ٹائمز۔ کراچی پولیس چیف نے افسران کو حکم دیا ہے کہ لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران کراچی سے 3 بچے لاپتا ہو گئے تھے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ نے نوٹس لیا تھا اور پولیس کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر کراچی پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاپتا اور اغوا شدہ بچوں کی بازیابی، امن و امان اور ٹریفک مینجمنٹ پر غور کیا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت دی کہ بچوں کی بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، پولیس پیٹرولنگ بڑھائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں تیز کی جائیں۔ ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس میں اہم تنصیبات، پولیس اسٹیبلشمنٹ اور غیر ملکی شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور غیر قانونی بس اڈوں و تجاوزات کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی سی آئی اے، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز انویسٹی گیشن، ایس پی اے وی سی سی اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے شرکت کی۔