اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان ہر مشکل گھڑی میں قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ نظارت کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بھی ایم بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی سینیئر نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ ذاکر حسین درانی اور ضلع کے ذمہ داران و اراکین کابینہ شریک ہوئے۔ جداگانہ اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم ضلع ہزارہ ٹاؤن اور تنظیمی ضلع علمدار روڈ کوئٹہ کے ساتھ تنظیمی فعالیت اور اہداف کے حصول پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں گزشتہ دو ماہ کے دوران تنظیمی فعالیت اور تعین کردہ اہداف اور ٹارگٹ پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر مشکل گھڑی میں قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے۔ مظلومین پاراچنار کے حق میں ملک گیر دھرنے اور احتجاج سے لے کر سینیٹ اور قومی اسمبلی تک ہر فورم پر ایم ڈبلیو ایم مظلوم کی آواز بنی ہے۔ ملت کے جوانوں اور بزرگوں سمیت ہر طبقے کو آگے بڑھ کر مجلس وحدت مسلمین کا ساتھ دینا چاہئے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع علمدار روڈ کوئٹہ کے رہنماء حاجی الطاف حسین ہزارہ نے مجلس وحدت مسلمین ضلع علمدار روڈ کوئٹہ کی تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ کے زیر اہتمام مظلومین پاراچنار کے حق میں دھرنا دیا گیا، جبکہ غزہ اور فلسطین کے شہداء کی یاد میں تعزیتی کانفرنس منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یونٹس کی فعالیت اور تنظیم نو پر توجہ دی جا رہی ہے اور آئندہ ایک ماہ میں مختلف یونٹس کے دورہ جات کئے جائیں گے۔