اسلام ٹائمز۔ عراق میں مفتی اہل سنت "شیخ مهدی الصمیدعی" نے کہا کہ ہم سپاہ قدس کے سربراہ شہید جنرل "قاسم سلیمانی" کے ساتھ مسلم فوج کی تشکیل پر رضامند ہو چکے تھے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لبنان میں "البنیان المرصوص" کے نام سے ہونے والی مقاومتی علماء اتحاد کی چھٹی کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 12 بار شهید قاسم سلیمانی کے ساتھ ملاقات کی اور ان ملاقاتوں میں شیعہ و سنی مسلمانوں کی مشترکہ فوج کی تشکیل کے بارے میں بات چیت کی اور اس معاملے پر ہمارے درمیان اتفاق ہو چکا تھا۔ اپنے خطاب میں شیخ مهدی الصمیدعی نے جنرل قاسم سلیمانی کو اپنا عزیز دوست قرار دیا۔
شیخ مہدی الصمیدعی نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ فوج مقاومتی مرکز سے جڑے ممالک کے تعاون سے ایک دن ضرور تیار ہو گی۔ مفتی عراق نے کہا کہ اگر عرب ممالک آپس میں متحد ہو جائیں تو دشمن ان کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ واضح رہے کہ اس کانفرنس میں "حزب الله" لبنان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل "شیخ نعیم قاسم"، "حماس" کے سینئر رہنماء "اسامه حمدان"، "جہاد اسلامی" کے سینئر رہنماء "محمد الهندی" اور عالمی مقاومتی علماء کونسل کے سربراہ "ماهر حمود" سمیت استقامتی فرنٹ کی اہم شخصیات موجود تھیں۔