مولانا آغا سید لیاقت موسوی کا عالمی یوم القدس کے تناظر میں خصوصی ویڈیو انٹرویو
مولانا آغا سید لیاقت موسوی کا تعلق مقبوضہ کشمیر ضلع بارہمولہ سے ہے، ابتدائی تعلیم مقبوضہ کشمیر ہی میں حاصل کی، پھر اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسلامی جمہوری ایران کا رخ کیا۔ مولانا آغا سید لیاقت موسوی جامعہ علمیہ امام رضا (ع) کے ادارتی رکن اور وہاں دارالقرآن کے مسئول بھی ہیں۔ جامعہ علمیہ امام رضا (ع) کی زیر نظارت جامع مسجد میں امام جمعہ کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ آپ اوقاف اسلامیہ ہری نارہ پٹن کے سرپرست اعلٰی بھی ہیں۔ مولانا آغا سید لیاقت موسوی مجمع اسلامی کشمیر کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ مجمع اسلامی کشمیر علماء کشمیر کا واحد مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جس کیساتھ کشمیر سے لیکر قم المقدس تک کم و بیش 150 علماء کرام وابستہ ہیں، اس تنظیم کی بنیاد 2007ء میں ایران میں زیر تعلیم طلباء کی بے انتہا جدوجہد کے بعد پڑی، جسکے بعد سے مجمع اسلامی کشمیر نے اپنی دینی و اخلاقی ذمہ داریوں کو بنحوہ احسن انجام دیتے ہوئے قوم کی رہنمائی اور مثالی معاشرہ کی ترویج کیلئے مختلف میدانوں میں بہت سارے مفید قدم اُٹھائے، اسلام ٹائمز نے مولانا آغا سید لیاقت موسوی سے ایک خصوصی انٹرویو کا اہتمام کیا، جس دوران انہوں نے کہا کہ فلسطین کی حمایت کسی ایک طبقے، فرقے یا مذہب سے مخصوص نہیں ہے بلکہ یہ ایک انسانی مسئلہ ہے اور تمام دنیا کے لوگوں کو فلسطینیوں کی حمایت کیلئے آگے آنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کی ہر چھوٹی بڑی سازش و منصوبے کو بہت جلد ناکام ہونا ہے اور رہبر معظم کے ارشادات کے عین مطابق اسرائیل کو ختم ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسرائیل کو اپنے آپکو باقی رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ مولانا آغا سید لیاقت موسوی نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں بہت زیادہ مماثلت پائی جاتی ہے، کشمیر میں بھی بھارت وہی سب مظالم و بربریت انجام دے رہا ہے، جو اسرائیل فلسطین انجام دے رہا ہے۔ قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔(ادارہ) https://www.youtube.com/channel/UCnodHW8xrEdtL-iNo9nrjhQ/videos