اسلام ٹائمز: پاسبان عزا کے جنرل سیکریٹری شہید سید سلمان حیدر رضوی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شاہراہ پاکستان پر ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ کی امامت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کی جبکہ اس موقع پر علامہ مختار امامی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر زیدی، علامہ شبیر میثمی، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نثار قلندری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، علامہ کامران حیدر عابدی، علامہ بدرالحسنین عابدی، ایس ایم نقی، شبر رضا، غفران مجتبیٰ نقوی سمیت علمائے کرام، ذاکرین عظام، نوحہ خواں اور منقبت خوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نماز جنازہ کے شرکاء نے حکومت سے شہید سلمان حیدر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں شہید سلمان حیدر کے جنازہ کو جلوس کی شکل میں وادی حسین ؑ قبرستان لے جایا گیا جہاں عزیز و اقرباء اور سوگواروں کی موجودگی میں شہید کی تدفین کردی گئی۔