0
Sunday 26 Jan 2025 16:39

جموں میں وحدت امت کے عنوان سے عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد

اسلام ٹائمز۔ شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں اور انجمن حسینی بٹھنڈی جموں کے باہمی اشتراک سے جامع مسجد امام رضا (ع) جموں میں ایک عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان "وحدت امت کانفربس" تھا۔ اس کانفرنس میں شیعہ و سنی علماء کے علاوہ جموں، کرگل اور کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران مقررین نے باہمی اخوت اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور امت مسلمہ کی یکجہتی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بات کی۔ شیعہ فیڈریشن جموں کے صدر عاشق حسین خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ اتحاد اسلامی ہر دور میں ضروری رہا ہے اور آج کے دور میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر دشمنان اسلام کے خلاف ایک مضبوط اور متحد قوت کے طور پر کھڑے ہوں۔ مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور بھائی چارے کے ساتھ پیش آنا چاہیئے، کیونکہ امت مسلمہ کی طاقت اس کی یکجہتی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں بھائی چارے، امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے اور ہمیں ان اصولوں کو اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں نافذ کرنا ہوگا۔

وحدت امت کانفرنس کے اختتام پر شیعہ فیڈریشن جموں کے صدر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کی کانفرنسیں امت کی وحدت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔ اس موقع پر حاضرین نے بھی اتفاق کیا کہ اس طرح کے اقدامات سے اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اجاگر کیا جا سکتا ہے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ کانفرنس کی کامیاب تکمیل پر شرکاء نے اس نوعیت کے مزید پروگرامز کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ امت کے مختلف طبقات کے درمیان رابطے بڑھائے جا سکیں اور اسلامی اقدار کی اصل روح کو معاشرے میں فروغ دیا جا سکے۔ اس کانفرنس میں شیعہ و سنی مقتدر علماء کرام کے علاوہ دانشوروں اور سماجی کارکنوں نے شرکت کی جن میں مولانا جواد حبیب، مولانا زوار حسین جعفری، مولانا منظور حسین ملک، مولانا علی محمد جان، مفتی حبیب الرحمن، فردوس احمد شیخ، سید فدا حسین رضوی، لال دین اور سید اختر منصور قابل ذکر ہیں۔ کانفرنس کے اختتام پر جامع مسجد رحمۃ للعالمین سونم پٹن کے سالانہ کلینڈر کی رسم رونمائی کی مختصر تقریب بھی منعقد ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 1186288
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش