اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی و یکجہتی کے لئے القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ کراچی میں مرکزی القدس ریلی ریگل چوک تا کراچی پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد خواتین و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے اپنے خطاب میں علامہ ناظر عباس تقوی، حسنین مہدی، علامہ سید اقبال زیدی، ڈاکٹر صابر ابومریم، مولانا جعفر سبحانی، مولانا عباس مہدی ترابی، مولانا رضی حیدر، مولانا حسن رضا، سجاد حاتمی و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاکستانی حکومت مسلمان رہنماؤں کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس بلاکر فلسطین میں جاری صیہونی بمباری، بربریت، نمازیوں، بچوں اور عورتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں، دنیا دیکھ رہی ہے کہ اسرائیل کا زعم اور ناقابل تسخیر ہونے کا دعوی ختم ہوتا جا رہا ہے، اسرائیل کا چپا چپا آج مزاحمتی گروہوں کے نشانے پر ہے، اسرائیل اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہو رہا ہے، انسانیت اور انسانی حقوق کی پامالی کرنے سے دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، انسانی حقوق کے چیمپئنز کو فلسطین میں اسرائیل کی جانب سے انسانیت سوز مظالم کیوں نظر نہیں آتے۔