اسلام ٹائمز۔ لاہور میں گورنر ہاوس کے سامنے مال روڈ پر جماعت اسلامی کا تین روزہ دھرنا اختتام پذیر ہو گیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کال پر جماعت اسلامی لاہور نے دھرنا دیا تھا۔ دھرنے میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کلیدی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے، اس دھرنے کے بعد اب کوئٹہ میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کا آغاز ہو گا۔ سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس تباہی آئی، مافیا نے مال بنایا اور قوم کا کچومر نکل گیا، لوگ مہنگائی، بیروزگاری سے نفسیاتی مریض بن گئے ہیں، چوری اور حکمران اشرافیہ کی مفت خوری بند کی جائے۔ امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ معاہدوں کے ذمہ داران قوم کے مجرم، ان کا احتساب ہونا چاہئے، کمیشن اور کرپشن نے توانائی کا پورا سیکٹر تباہ کر دیا، ہم قوم کو غلامی سے نجات دلانے نکلے ہیں، ہمارے احتجاج کا مقصد آئی ایم ایف کی غلامی سے قوم کو نکالنا ہے، کڑا احتساب ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔