0
Monday 20 Jan 2025 21:48

جعفر آباد، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس کا انعقاد

جعفر آباد، ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی شوریٰ کے اجلاس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کی صوبائی شوریٰ کا اہم اجلاس صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی کی زیر صدارت روجہان جمالی ضلع جعفرآباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔ اجلاس میں اراکین صوبائی کابینہ، اضلاع کے صدور نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو اپنی اخلاقی تربیت پر خاص توجہ دینی چاہئے۔ عہدیداروں و کارکنوں کیلئے ہفتہ وار پروگراموں میں اخلاقی تربیت کے دروس اور دعاؤں کا اہتمام کرنا ضروری ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان الٰہی و ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیم ہے اور ہمیشہ ظلم و ظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ ہماری جماعت مظلوموں کی حمایت کرتی اور ملت کے حقوق کے لیے کوشاں رہتی ہے۔

اجلاس سے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عالمی حالات سے آگاہ رہنا چاہئے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔ استکباری و اسلام مخالف قوتوں نے غیرت مند اور باشعور مسلمانوں کے ہاتھوں فلسطین و یمن میں بھرپور شکست کھائی ہے۔ اسرائیل اور حماس کا امن معاہدہ اصل میں ملت فلسطین، حماس اور مسلمانوں کی جیت ہے۔ ہمیں رہبر معظم انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے روح پرور خطابات کو ضرور سننا چاہئے۔ دنیا کے معروف شخصیات رہبر معظم کا خطاب لائیو سنتے ہیں۔ حزب اللہ کے قائد شہید حسن نصراللہ، شہید اسماعیل ہانیہ اور یحییٰ سنوار نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے جہاد کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی عظیم قربانی سے انشاء اللّه جلد ہی فلسطین آزاد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ ملک عزیز میں اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المومنین کے لئے سنجیدہ کوشش کی۔ پاراچنار میں شیعہ سنی مسئلہ نہیں ہے، چند مٹھی بھر تکفیری وہاں کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔ وہاں کے باشعور عوام نے دہشتگردی کو مسترد کر دیا ہے۔ حکومت ابھی تک امن معاہدہ پاراچنار پر عمل درآمد کروانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ وہاں پر خوراک و ادویات ختم ہوچکی ہے۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین بلوچستان سہیل اکبر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں تنظیمی فعالیت پر توجہ دینی چاہئے۔ مرکز کی جانب سے دیئے گئے پروگراموں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیرمین سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سیکیورٹی کو ایک ایسے وقت میں جب ملک کے حالات خراب ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے ہٹانے کی مذمت کرتے ہیں۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جان کو خطرہ ہے۔ ان کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
خبر کا کوڈ : 1185503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش