اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے پاکستانیوں کے مسلسل صہیونی ریاست کے اعلانیہ دورہ جات اور ان پر حکومتی خاموشی کیخلاف نمائش تا کراچی پریس کلب نامنظور اسرائیل ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بچوں اور خواتین سمیت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء مولانا ملک غلام عباس، مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماء علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، آئی ایس او کراچی کے صدر دیباج عابدی اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلسل پے در پے پاکستانی وفود کی اسرائیل یاترا حکومت کی نا اہلی اور حکومت کے اسرائیل سے خفیہ روابط کی نشاندہی کرتا ہے، پاکستانی وفد کی جانب سے اسرائیل کا دورہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی پالیسی سے کھلی بغاوت ہے۔ رہنماؤں نے پاکستان میں کشمیر و فلسطین کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسرائیل کے تعلقات کی بحالی کی بات کرنیوالا قومی مجرم ہے، پاکستان کی پارلیمنٹ میں قانون پاس کیا جائے کہ جو بھی اسرائیل سے تعلقات بحالی کی بات کرے، وہ قومی مجرم شمار کیا جائے گا۔