سوئیڈن اور نیدر لینڈ کے بعد ڈنمارک میں اسلام مخالف عناصر کی جانب سے قرآن پاک کے نسخے نذر آتش کرنے کے خلاف پریس کالونی سرینگر میں مسجد صاحب الزمان آبی گزر کے خطیب جمعہ آغا سید عابد حسین رضوی کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں قرآن پاک اٹھا کر اسلام مخالف سیاست راسموس پالوڈن کے علاوہ سویڈن، نیدرلینڈ، امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے کہا کہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو بار بار ٹھیس پہنچائی جارہی ہے اور افسوس اس بات کا ہے کہ اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی ادارے ان شرپسند عناصر کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم کی تنظیم او آئی سی بھی اسلام مخالف عناصر کی شرمناک کاروائیوں پر روک لگانے میں بُری طرح سے ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم کو چاہیئے کہ وہ متحد ہوکر اسلام مخالف کاروائیوں کی روک تھام کریں۔ مظاہرین نے کہا کہ قرآن پاک اور دیگر اسلامی مقدسات کی توہین کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کی فتنہ انگیز اور توہین آمیز کاروائیوں پر روک نہیں لگائی گئی تو کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ قرآن پاک اور دیگر مقدسات کی توہین کرنے والوں کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ) https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial