متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ برازیل کے سینکڑوں شہریوں نے ریو ڈی جنیرو نامی شہر میں گروپ آف 20 سربراہی اجلاس سے قبل، امریکہ و یورپ کی اندھی حمایت سے غزہ میں جاری غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے خلاف وسیع احتجاج کیا ہے۔
یہ پرامن مظاہرہ برستی بارش تلے کوپاکابانا (Copacabana) کے ساحل پر منعقد کیا گیا جس کی نگرانی میں درجنوں پولیس و فوجی اہلکار بھی وہاں موجود تھے۔ برازیلی شہر ریو ڈی جنیرو میں گروپ آف 20 کا اجلاس سوموار و منگل کے روز طے ہے جس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت 20 ممالک کے سربراہ شرکت کریں گے۔ روسی خبررساں ایجنسی رشیاٹوڈے کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے گلے میں فلسطینی رومال (جفیہ) ڈال اور ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا کر غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ استوار برازیل کے تعلقات فی الفور منقطع کرنے اور غزہ و لبنان کے خلاف انسانیت سوز اسرائیلی حملوں میں جاری امریکہ و یورپی ممالک کی مالی و سیاسی امداد فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے غاصب صہیونی رژیم کے ہاتھوں جاری مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھی شدید مذمت کی۔
اس دوران کوپاکابانا ساحل کے ایک حصے پر قحط کا شکار غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریڈ کراس کی علامت کی حامل غذاء کی خالی تھالیاں بھی نصب کی گئیں جن کے پیچھے نصب بینر پر ''بھوکے مزید انتظار نہیں کر سکتے'' تحریر تھا۔