برازیل، جی20 اجلاس کے موقع پر فلسطین کے حامی سینکڑوں مظاہرین کا امریکہ و اسرائیل کیخلاف احتجاج
17 Nov 2024 22:41
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے عوام نے جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل فلسطین کی حمایت میں وسیع احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا
اسلام ٹائمز۔ برازیل کے سینکڑوں شہریوں نے ریو ڈی جنیرو نامی شہر میں گروپ آف 20 سربراہی اجلاس سے قبل، امریکہ و یورپ کی اندھی حمایت سے غزہ میں جاری غاصب صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کے خلاف وسیع احتجاج کیا ہے۔
یہ پرامن مظاہرہ برستی بارش تلے کوپاکابانا (Copacabana) کے ساحل پر منعقد کیا گیا جس کی نگرانی میں درجنوں پولیس و فوجی اہلکار بھی وہاں موجود تھے۔ برازیلی شہر ریو ڈی جنیرو میں گروپ آف 20 کا اجلاس سوموار و منگل کے روز طے ہے جس میں امریکی صدر جو بائیڈن اور چینی صدر شی جن پنگ سمیت 20 ممالک کے سربراہ شرکت کریں گے۔ روسی خبررساں ایجنسی رشیاٹوڈے کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے گلے میں فلسطینی رومال (جفیہ) ڈال اور ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا کر غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ استوار برازیل کے تعلقات فی الفور منقطع کرنے اور غزہ و لبنان کے خلاف انسانیت سوز اسرائیلی حملوں میں جاری امریکہ و یورپی ممالک کی مالی و سیاسی امداد فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے غاصب صہیونی رژیم کے ہاتھوں جاری مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی کی بھی شدید مذمت کی۔
خبر کا کوڈ: 1173150