0
Friday 25 Oct 2024 15:53

وادی کشمیر میں شہید مقاومت سید ہاشم صفی الدین کی یاد میں تعزیتی ریلی

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: جاوید عباس رضوی

قائد مقاومت سید حسن نصراللہ کے بعد شہید سید ہاشم صفی الدین کی یاد میں کشمیر میں تعزیتی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ آج سرینگر میں صبح سے ہی ریلیوں اور جلوسوں کا اہتمام کیا گیا۔ بڈگام اور سرینگر میں مومنین کے جمع غفیر نے شرکت کرتے ہوئے رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای مدظلہ مجتہدین عظام اور لبنانی غیور عوام کو تسلیت پیش کی۔ اس دوران مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء مقاومت پہاڑ کی طرح غزہ، فلسطین و مستضعفین عالم کے لئے مضبوط سہارا بن کر رہے، اسی لئے بلا تفریق مذاہب و ملت عوام الناس کی آنکھیں اشکبار ہوئیں۔ ریلی میں شرکاء نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ سرینگر کی ریلی میں مظاہرین نے امریکہ و اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔ مقررین نے کہا کہ یہ شہید مقاومت کا خون جلد رنگ لائے گا اور وہ دن دور نہیں ہے، جب ہم مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھیں گے اور صہیونیت کا نام و نشان زمین پر ختم ہوگا۔

ان ریلیوں اور مجلسوں میں شیعہ و سنی علماء کرام، شعراء، ذاکرین اور ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کرکے فلسطین اور لبنان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مختلف علماء نے شہداء مقاومت کی زندگی اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شہداء مقاومت اور خاص طور پر فلسطینی و لبنانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں کہا کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں اسلامی و ملی اتحاد اور باطل و صیہونی قوتوں کے خلاف ایک آواز بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ سید ہاشم صفی الدین ایک لبنانی شیعہ عالم ہیں، جو 2001ء سے حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 3 اکتوبر 2024ء کو سید ہاشم صفی الدین کو بیروت میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ 5 اکتوبر کو یہ اطلاع ملی کہ فضائی حملے کے بعد ان کا حزب اللہ سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ 8 اکتوبر کو اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گالانٹ نے کہا کہ صفی الدین ممکنہ طور پر فوت ہوچکے ہیں، جس کی 23 اکتوبر کو حزب اللہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔

کشمیر بھر میں سید ہاشم صفی الدین کی شہادت کے حوالے سے مختلف اضلاع میں احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران مقررین نے کہا کہ سید ہاشم صفی الدین کی شہادت تمام حریت پسند انسانوں کے لئے ایک بھاری نقصان ضرور ہے لیکن یہ شہادت استقامت کا ایک نیا باب کھول دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ آج پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم اور طاقتور ہے۔ اس دوران مقررین نے شہید مقاومت سید حسن نصراللہ کی گران قدر خدمات و ایثار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہید مقاومت پہاڑ کی طرح غزہ، فلسطین و مستضعفین عالم کے لئے مظبوط سہارا بن کر رہے، ان کی شہادت نے ان کی مخفی خدمات کو آشکار کیا، اسی لئے بلا تفریق مذاہب و ملت عوام الناس کی آنکھیں اشکبار ہوئیں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1168552
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش