متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ نیا بجٹ چیئرمین بلاول بھٹو ذرداری کے وژن اور عوامی امنگوں کے مطابق تیار کیا جائے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے 10 نکاتی ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر منصوبہ بندی اور ترقیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے محکمے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے منعقد ہونے والے دو الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سندھ ترقیاتی بورڈ سید نجم احمد شاہ، سیکریٹری فنانس فیاض جتوئی سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ سید ناصر حسین شاہ کو دونوں اجلاسوں میں سالانہ ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آنے والے بجٹ میں نئی اسکیموں کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر ترقیات اور منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت دیں کہ جو منصوبے تکمیل کے قریب ہیں انکو جلد مکمل کیا جائے اور جو اسکیمیں جاری ہیں انکی رفتار کو تیز کیا جائے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید ہدایت دیں کہ ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر جاری اسکیموں کی تفصیلی رپورٹ کارکردگی کے ساتھ پیش کی جائے۔ محکمہ ترقیات اور منصوبہ بندی کے افسران کی جانب سے غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سید ناصر حسین شاہ کو بتایا گیا کہ سندھ سیکنڈری ایجوکیشن ایمپروومنٹ پروجیکٹ، سیلاب کے بعد بحالی کا پروجیکٹ، اسپتال، اسکولز اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں بھی غیر ملکی فنڈ سے اسکیمیں مکمل کی جارہی ہیں۔