متعلقہ فائیلیںخصوصی رپورٹ
متحدہ علماء محاذ پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل علماء مشائخ ونگ سندھ کے زیر اہتمام مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر حب اہل بیتؑ و یکجہتی فلسطین سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین کا دو ریاستی حل مسترد کرتے ہیں، فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضہ و تسلط کے خلاف 75 سالوں سے شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جا سکتیں، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے، غیر قانونی، ظالمانہ، غاصبانہ یہودی بستیوں کے انخلاء کے لئے مسلم حکمران کردار ادا کریں، فلسطین کا دو ریاستی حل شہدائے فلسطین کے خون سے غداری اور مظلوم فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا، مظلوموں کو حق و انصاف دلوانے کیلئے آدھا آدھا بٹوارہ حق و انصاف کے منافی ہے، ۷۵ اسلامی ممالک کے سربراہان اپنے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کو ان کا حق کیوں نہیں دلوا سکتے اور اپنے قبلہ اول بیت المقدس کو غاصب، ظالم اسرائیلی تسلط سے آزاد کیوں نہیں کراسکتے؟ روزِ محشر مسلم حکمران اللہ و رسولؐ کو ضرور جواب دہ ہونگے۔ یکجہتی فلسطین سیمینار میں پرزور مطالبہ کیا گیا کہ مسلم حکمران بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں اور غزہ و فلسطین میں مستقل جنگ بندی و امن کے قیام اور تعمیر و ترقی، بحالی و آبادکاری کیلئے مؤثر کردار ادا کریں، فلسطین کیلئے حکومت و افواج پاکستان کی جانب سے امدادی کھیپ روانہ کئے جانے کا خیر مقدم اور اولین بنیادی جرأت مندانہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ سیمینار میں علماء مشائخ نے دختر رسولؐ خاتون جنت سیدہ فاطمہ الزہراءؑ کے ایام وفات کی مناسبت سے ان کی پاکیزہ سیرت و کردارپر تفصیلی روشنی ڈالی اور حب اہل بیتؑ کے ایک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور فرقہ واریت، مذہبی و لسانی تعصبات و منافرت کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام و ملک کے خلاف استعماری سازشوں کا حصہ قرار دیا۔
سیمینار سے مہمان خصوصی محاذ کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین حجۃ الاسلام علامہ محمد حسین مسعودی، چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، محاذ کراچی کے صدر مولانا مفتی محمد داؤد، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا سلیم اللہ خان ترک، علامہ حسن شریفی، فنکشنل لیگ کے صوبائی رہنما فیصل علی بلوچ، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، مولانا منظرالحق تھانوی، مجلس ذاکرین امامیہ کے سربراہ علامہ نثار احمد قلندری، علامہ ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی (کراچی یونیورسٹی)، مولانا قاری سید طاہر جمال تھانوی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی، علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، پیپلز علماء کمیٹی و پاک سولجر سندھ کے رہنما مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ مفتی اسدالحق چترالی، تاجر رہنما مولانا جنید باڑی، پاک سولجر سندھ کے رہنما سید معرفت شاہ، صاحبزادہ حافظ عبدالمجید، اتحاد الانصار پاکستان کے رہنما انور جمال انصاری، مولانا اظہر فاروقی، تاجر رہنما مولانا فہیم الدین انصاری، مولانا ڈاکٹر محمد یونس، مولانا مبین انصاری، سماجی رہنما تاج محمد، میڈیا انچارج صاحبزادہ حافظ محمد انصاری، محاذ کے میڈیا کوآرڈینیٹر فاروق احمد ریحان نے خطاب کیا جبکہ مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک تلاوت قرآن اور معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی، حسین الدین شاہ رحمانی نے خاتون جنت سیدہ فاطمہ الزہراءؑ و اہل بیت اطہارؑ کی شان میں منقبت پیش کی۔ آخر میں مولانا انتظارالحق تھانوی نے ملکی امن و استحکام فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی کامیابی اور افواج پاکستان کیلئے خصوصی دعا کرائی۔
قارئین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)