اسلام ٹائمز۔ سیاسی شخصیات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ہتک عزت پر مبنی مواد شیئر کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم پشاور سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا جس کی شناخت محمد بلال کے نام سے ہوئی۔ بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے سوشل میڈیا پر خاتون کے خلاف توہین آمیز پوسٹ شیئر کیں، ملزم کا تعلق حاجی کیمپ، پشاور سے ہے، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق آن لائن ہتک عزت اور سائبر کرائم کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔