اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کشمیر کی خودارادیت کو تاراج کرنا ہندو توا سوچ کا عکاس ہے، دہائیوں پر محیط بھارتی قبضے نے توسیع پسندانہ عزائم کو عیاں کیا ہوا ہے، بھارت کا جارحانہ رویہ امن کے ٹھیکیداروں کے چہرے پر طمانچے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ تمام تر ظلم و جبر جان مال اعضاء عصمت گھروں کی قربانی دینے کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے کو پست نہیں کیا جاسکا وہ روز اول کی طرح ظلم کے خلاف برسرِ پیکار اور دشمن کو دندان شکن جواب دے رہے ہیں، تمام سیاسی مذہبی سماجی جماعتیں آپسی گروہی اختلاف کو ختم کرکے کشمیر سے یکجہتی کا پیغام دیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی حمایت خطے میں طاقت کے استعمال کی مذمت اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہے، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا جائے۔