اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے لاہور میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کسی صورت بھی مظلوم کشمیریوں کی آزادی تحریک کو نہیں روک سکتا، وہ وقت دور نہیں جب مظلوم کشمیری عوام کیلئے آزادی کا سورج طلوع ہوگا، کیونکہ بھارت ایک ایسی ریاست ہے، جس نے ہمیشہ سے اقلیتوں پر ظلم ڈھایا اور مظلوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانا چاہا، لیکن مظلوم کشمیری مسلمانوں نے بھارت کی ہر کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور کسی صورت بھی بھارت کے فارمولے کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ہم اول وقت سے مظلوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
علامہ علی اکبر کاظمی نے کہاکہ بھارت جیسی ناکام ریاست یہ بھول چکی ہے کہ حکومت کفر سے قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم سے نہیں اور ظلم جب بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے، ہمیں مولائے کائنات علی ابن ابی طالب علیہ السلام نے یہ درس دیا ہے، کہ ہم ہر مظلوم کے حمایتی اور ہر ظالم کیخلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ان شاءاللہ پنجاب بھر میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں اور سیمینار منعقد ہوں گے، ہم کشمیر کی آزادی تک مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہیں اور اس وقت تک ان کیساتھ ہیں، جب تک کشمیر ایک آزاد ریاست کے طور پر نمودار نہیں ہوجاتا کیونکہ ہم کل بھی حق و صداقت کے امین تھے اور آج بھی انکار حقیقت نہ کریں گے۔