اسلام ٹائمز۔ کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام میں ایف سی کے جوانوں کی خدمات مثالی ہیں۔ اپنے شہداء کی قربانی پر فخر کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایف سی ٹریننگ سینٹر لورالائی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کے 67 بیج کے ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان تھے، جبکہ آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل عابد مظہر، قبائلی عمائدین اور سول و ملٹری حکام نے شرکت کی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 2280 ریکروٹس اپنی ٹریننگ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوئے۔
کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام ریکروٹس اور ان کے اہل خانہ کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں ایف سی کے جوانوں کی خدمات مثالی ہیں۔ ایف سی بلوچستان کے جوانوں کی کاکردگی بہتر سے بہتر ہوتی جا رہی ہے۔ جو پیشہ جوانوں نے چنا ہے وہ روزگار کے ساتھ ساتھ عبادت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ان شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے جو انہوں نے دفاع وطن کے لئے دیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں ایف سی کے جوانوں کی خدمات مثالی ہیں۔ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں سے بھی اس معیار کو جاری رکھنے کی توقع رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ریکروٹس بلوچستان میں قیام کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔