اسلام ٹائمز۔ اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کی دھجیاں اڑا دیں، ٹینکوں کی گولہ باری سے 2 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے شہری دفاع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی غزہ میں مغربی رفح کے علاقے تل السلطان میں کارروائی کرتے ہوئے ان فلسطینیوں کو شہید کیا۔ خیال رہے کہ فسلطینی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان طویل لڑائی کے بعد جنگ بندی معاہدہ ہوا جو گذشتہ اتوار سے نافذ العمل ہے۔ اس معاہدے کی مدت 6 ہفتے مقرر کی گئی ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں فریقین نے قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق کیا تھا جبکہ اسرائیل غزہ سے اپنی فوجیں واپس بلانے وہاں امدادی کارروائیوں کی اجازت دینے پر رضامند ہوگیا تھا۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد گذشتہ چار روز کے دوران غزہ میں 3 ہزار 200 امدادی ٹرک داخل ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق امداد کی آمد سے غزہ کے شہریوں کو جزوی ریلیف ملا، امدادی تنظیموں نے غزہ بھر کے مراکز سے امداد کی تقسیم شروع کر دی ہے، جہاں شہری دروازوں پر قطار میں کھڑے ہوکر سامان کا انتظار کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ 7 اکتوبر 2024ء سے اسرائیلی بمباری میں 47 ہزار 283 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 11 ہزار 472 زخمی ہوئے۔