اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ یہ خطہ عالمی برادری کے لئے ایک مثالی اقتصادی مرکز بن سکتا ہے۔ بلوچستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش منزل بن رہا ہے۔ ہم اسے مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں پاتھ فائنڈر گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو تھے۔ تقریب میں دنیا بھر کے کاروباری اور ترقیاتی ماہرین نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے، جو ملک کی ترقی کے لئے ایک اہم اثاثہ ہے۔ بلوچستان اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جو 44 فیصد رقبے پر مشتمل ہے اور بے پناہ قدرتی وسائل، اسٹریٹجک محل وقوع اور وسیع اقتصادی مواقع سے مالا مال ہے۔ بلوچستان بلا شبہ پاکستان کے علاقائی اور عالمی تجارت کے دروازے کی حیثیت رکھتا ہے۔ گوادر پورٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے سنگ بنیاد کے طور پر مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل جن میں ریکوڈک کاپر گولڈ مائن، کرومائیٹ، سنگ مرمر اور قدرتی گیس کے وسیع ذخائر شامل ہیں۔ عالمی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بے مثال مواقع فراہم کرتے ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی زراعت اور ماہی گیری کے شعبے بھی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش ہیں۔ یہاں اعلیٰ معیار کی کھجور، سیب، انار اور انگور کی پیداوار ہوتی ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں ماہی گیری اور آبی زراعت کے شعبے سرمایہ کاروں کے لئے وسیع روشن امکانات ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ان کی حکومت نے خصوصی اقتصادی زونز جیسے گوادر فری زون، قائم کئے ہیں، جو ٹیکس چھوٹ، ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد اور سرمایہ کاری کے لئے دیگر سہولیات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، صوبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے ذریعے منڈیوں اور کمیونٹیز کو آپس میں جوڑنے کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کا مطلب صرف اقتصادی ترقی نہیں، بلکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مقامی کمیونٹیز کو ترقیاتی منصوبوں میں شریک کر رہی ہے۔ تاکہ ترقی کے فوائد سے منصفانہ طور پر تمام مقامی لوگ استفادہ کرسکیں۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے عالمی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ ترقی کے ایک نئے دور کے دہانے پر کھڑا ہے۔ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے ان مواقعوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان اور عالمی برادری کے لئے ترقی کے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔