اسلام ٹائمز۔ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کو نیتاجی سبھاش چندر بوس کی 128ویں جینتی کے موقع پر کٹک میں منعقدہ "یوم پراکرم" تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جیسے نیتاجی نے آزادی کے لئے اپنی آرام دہ زندگی کو ترک کر کے مشکلات اور چیلنجز کو اپنایا، اسی طرح ہمیں بھی ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لئے اپنے آرام دہ دائرے سے باہر نکلنا ہوگا۔ نریندر مودی نے کہا "آج نیتاجی سبھاش چندر بوس کے یومِ پیدائش کے موقع پر پورا ملک انہیں عقیدت کے ساتھ یاد کر رہا ہے"۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر کٹک میں ایک بڑی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں نیتاجی کی زندگی سے جڑی مختلف یادگاروں کو پیش کیا گیا ہے۔
بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ آج جب ہمارا ملک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے تو ہمیں نیتاجی کی زندگی سے مسلسل تحریک ملتی ہے، ان کا سب سے بڑا ہدف آزاد ہندوستان تھا، جس کے لئے انہوں نے اپنی پُرسکون زندگی کو چھوڑ کر جدوجہد کو ترجیح دی۔ مودی نے کہا کہ ہمیں عالمی سطح پر بہترین بننے، کام میں مہارات اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیتاجی نے آزادی کے لئے "آزاد ہند فوج" بنائی، جس میں ملک کے ہر علاقے اور ہر طبقے کے لوگ شامل تھے۔ مودی نے کہا کی ان کی یکجہتی آج بھی ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے ایک بڑا سبق ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہمیں ان عناصر سے محتاط رہنا ہوگا جو ملک کو کمزور اور تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
نریندر مودی نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں بی جے پی کی حکومت نے تیز رفتار ترقی کے ذریعے عوام کی زندگی کو آسان بنایا ہے۔ 25 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا گیا، دیہات اور شہروں میں جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے اور ہندوستانی فوج کی طاقت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج عالمی سطح پر ہندوستان کی حیثیت مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نیتا سبھاش کے نظریے سے متاثر ہو کر ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لئے مسلسل کام کرنا ہوگا، یہی ان کو ہماری سچی خراج عقیدت ہوگی۔