0
Wednesday 15 Jan 2025 21:23

چلاس میں گرینڈ جرگہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک

چلاس میں گرینڈ جرگہ، اعلیٰ سول و عسکری حکام شریک
اسلام ٹائمز۔ ضلع دیامر چلاس میں گرینڈ جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔ جرگہ میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل امتیاز حسین گیلانی، مقامی سیاستدان، صوبائی سیکٹریریز، اعلیٰ سول اور فوجی افسران سمیت علاقے کے علماء اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جرگے میں علاقے کی ترقی، امن و امان، تعلیم اور علاقے کے مسائل جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ کمانڈر ایف سی این اے نے جرگے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں پر اعلیٰ سول و ملٹری حکام کا موجود ہونا اس بات کا عندیہ ہے کہ ہم سب عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ کمانڈر ایف سی این اے نے علاقے کے مسائل سنے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج یہاں کے مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور متعلقہ اداروں کی بھی بھرپور معاونت جاری رکھے گی تاکہ علاقے کے مسائل فوری حل ہو سکیں۔
 
 انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی میں جہاں اداروں نے اپنا فرض نبھانا ہے وہاں عوام بھی اس علاقے کی ترقی میں اپنا رول ادا کریں، اس کے لیے ضروری ہے کہ علاقے میں کمیونٹی بیس سسٹم کو متعارف کرایا جائے تاکہ لوگ بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ عمائدین، علماء کرام نے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے لیے پاک فوج کا مکمل ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ کمانڈر ایف سی این اے نے چلاس میں قائم وکیشنل ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور دیامر کے نوجوانوں کے ساتھ خصوصی ملاقات کی۔ کمانڈر ایف سی این اے نے اس موقع پر کہا کہ جی بی کی نئی نسل پاکستان بالخصوص جی بی میں امن اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، نوجوان طبقہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کریں۔ اس موقع پر طلباء نے علاقے میں امن و ترقی میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 1184542
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش