اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے پیپلز پارٹی پر سندھ کے وسائل کو لوٹنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پیپلز پارٹی کو مزید سندھ کے وسائل پر ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے یہ بات عادل ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ گزشتہ 17 برسوں میں سندھ حکومت کو 25 ہزار ارب روپے سے زائد کا بجٹ ملا لیکن اس کے باوجود صوبے میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، اتنے بڑے بجٹ کے باوجود سندھ میں معیاری اسکول نہ بن سکے، اسپتالوں میں دوائیاں نہیں پہنچ سکیں اور آج بھی عوام کو علاج معالجے کی سہولیات میسر نہیں، اسکول اوطاقوں میں تبدیل ہو چکے ہیں، سرکاری اسکولوں کے بچوں کو درسی کتب تک فراہم نہیں کی جاتیں، کاشتکاروں کو اپنی فصلوں کا مناسب معاوضہ نہیں ملتا اور سندھ کا انفراسٹرکچر تباہ حال ہے، سندھ میں ڈاکو راج قائم ہے، جہاں کچے اور پکے کے ڈاکو عوام کو لوٹ رہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نہ صرف صحت، تعلیم اور روزگار کے مواقع چھینے بلکہ سندھ کے پانی پر بھی ڈاکا ڈلوایا ہے۔ انہوں نے دریائے سندھ پر نئے کینال بنانے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سندھ کی زرخیز زمینیں بنجر بن جائیں گی، سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالنے کی منظوری خود پیپلز پارٹی نے دی ہے اور اب عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے۔ انہوں نے سندھ کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم نہ کرنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا، سرکاری ملازمتوں میں عمر کی رعایت ختم کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں نوجوان سرکاری ملازمتوں سے محروم ہو جائیں گے۔ حلیم عادل شیخ نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے عوام نے پیپلز پارٹی کو یکسر مسترد کردیا ہے اور آئندہ صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت نہیں بنے گی، سندھ کے عوام تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں اور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں عوام کو مزید لوٹنے نہیں دیں گے۔