اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری عبدالواسع نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 18 ستمبر سے گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنا دے گی جو کئی دن جاری رہے گا اور پورے صوبہ سے لوگ شریک ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دھرنا کی جگہ پر میڈیا سے ٹاک کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پشاور کے امیر بحراللہ خان، جنرل سیکرٹری ہدایت اللہ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ، خالد گل مہمند اور دیگر بھی موجود تھے۔ عبدالوسع نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں بجلی کے بلوں کا مسئلہ ہے، اس مسئلہ پر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملک کے چاروں صوبوں کے گورنر ہاؤسز کے سامنے دھرنوں کا اعلان کیا ہے۔ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کرتا ہے، یہاں معدنیات اور 42 فیصد گیس ہے لیکن اس کے باوجود خیبر پختونخوا کی معاشی اور تجارتی صورتحال بہت خراب ہے۔ اس لیے جماعت اسلامی نے 18 ستمبر، پروز پیر کو پشاور میں گورنر ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دھرنے میں پورے صوبے سے جماعت اسلامی کے کارکنان اور عوام شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں رہا، صوبے میں مہنگائی کے علاوہ سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے۔ چترال اور بارڈرز کی صورتحال پر ہمیں تشویش ہے۔ اس تمام حالت کے اندر جماعت اسلامی امید کی کرن ہے۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی نے اس صوبے اور ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے، اس لیے عوام ان آزمائے ہووں کو دوبارہ نہ آزمائیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کیونکہ جماعت اسلامی ہی اس صوبے کو دہشتگردی، مہنگائی، بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف تحفظ دے گی۔ ہمارے تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک بجلی کے بلوں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ ہوں اور عوام کو ریلیف نہ ملے۔