اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ پٹی میں جنگ بندی سے متعلق معاہدے کی منظوری دے دی۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ معاہدے پر حماس کی منظوری کے بعد دستخط کا عمل شروع ہو جائے گا، منظوری سے پہلے حماس نے غزہ پٹی سے اسرائیلی فوج کے مرحلہ وار انخلا کا جائزہ لیا۔ جنگ بندی جمعرات سے شروع ہونے پر قیدیوں کا تبادلہ اتوار کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حماس غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کی واپسی کے قطری ثالث کے مسودے پر راضی ہے۔
معاہدے کے قطری مسودے کے تحت پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی قیدی رہا کیے جائیں گے، معاہدے کے 16ویں روز سے جنگ بندی ڈیل کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات شروع ہوں گے۔ دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم دفتر نے حماس کی جنگ بندی معاہدے کی منظوری کی تردید کر دی۔ اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے پر حماس کی منظوری موصول نہیں ہوئی۔