اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی غاصب صیہونی رژیم کے فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ کل جمعہ کے دن غزہ کی پٹی پر فضائی حملے انجام دیے گئے ہیں۔ گذشتہ اڑھائی ماہ کے دوران غزہ کی پٹی پر غاصب صیہونی رژیم کا یہ پہلا فضائی حملہ ہے۔ صیہونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس حملے میں حماس کی ایک فوجی چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے جو غزہ کے شمال میں واقع تھی۔ صیہونی فوج کے ترجمان نے کہا کہ حملہ ایسی جگہ انجام پایا ہے جہاں کل جمعہ کے روز فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ فلسطین میں ایک سکیورٹی ذریعے نے بھی بتایا کہ اسرائیل نے حماس کی ایک چیک پوسٹ پر بمباری کی ہے۔ ابھی تک اس میں کسی جانی نقصان کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ فرانسیسی خبررساں ادارے نے بتایا کہ اس فضائی حملے سے پہلے اس علاقے میں وسیع پیمانے پر فلسطینیوں کا احتجاجی مظاہرہ جاری تھا جس پر صیہونی سکیورٹی فورسز نے فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ میں کئی فلسطینی مظاہرین زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ فلسطینی مظاہرین نے ٹائر جلائے۔
دوسری طرف غزہ میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس نے اسرائیل کی فضائی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ قابض صیہونی رژیم کے خلاف مسلح جدوجہد کا ہر طریقہ بروئے کار لایا جائے گا۔ حماس کے ترجمان حاز قاسم نے کہا کہ کل صیہونی جنگی طیاروں نے اسلامی مزاحمت کی چند چیک پوسٹوں پر فضائی حملے کئے جو ایک جارحانہ اقدام ہے اور صیہونی رژیم کی جانب سے ملت فلسطین کے خلاف فاشزم کی علامت ہے۔ حماس کے ترجمان حاز قاسم نے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کے جارحانہ اقدامات ہر گز ملت فلسطین کو قانونی اور جائز جدوجہد سے باز نہیں رکھ سکتی اور فلسطینی قوم اپنے مسلمہ حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ حازم قاسم نے کہا کہ صیہونی رژیم کی سکیورٹی فورسز پرامن مظاہرین اور صحافیوں کو بھی فائرنگ کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ حماس کے ترجمان نے غزہ کے خلاف اسرائیل کے ظالمانہ محاصرے کو ایک جرم قرار دیا اور کہا کہ اس محاصرے کو توڑنا ملت فلسطین کا مسلمہ حق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملت فلسطین غاصب دشمن کے خلاف جدوجہد کا ہر طریقہ بروئے کار لانے کا حق رکھتی ہے۔
موصولہ رپورٹس کے مطابق غاصب صیہونی رژیم کی سکیورٹی فورسز نے آج صبح بھی مغربی کنارے کے شہر نابلس کے جنوب میں واقع بیتا قصبے میں چڑھائی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی فورسز نے اس کریک ڈاون کے دوران حوارہ میں انجام پانے والی مزاحمتی کاروائی میں شامل مجاہدین کو گرفتار کرنے کیلئے سرچ آپریشن انجام دیا اور گھر گھر تلاشی لی۔ غاصب صیہونی فورسز اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی انجام پائی ہیں۔ اس جارحیت کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے گھروں کی جانب فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے پھینکے۔ 66 فلسطینی شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔