0
Tuesday 15 Jan 2019 13:18

پشاور، فرنٹیئر کور کی 26ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ

اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ آج ہمیں دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے۔ پشاور میں فرنٹیئر کور کی 26ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، آپ کا شمار ان خوش نصیبوں میں سے ہے جو ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، آج ہمیں دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے، پاکستانی قوم نے لازوال قربانیاں دی ہیں، میں ان ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن کی بقاء کیلئے اپنے بیٹے قربان کئے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ میں ان شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ملک و قوم کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے، ہماری افواج دشمن کے آنکھ میں آنکھ ڈال کر ہر میدان میں مردانگی سے مقابلہ کرتی ہیں اور سب کچھ قربان کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی جذبے اور سکیورٹی اداروں کی بہادری و قربانیوں کی بدولت یہ مٹی تا قیامت قائم و دائم رہے گی، ہر دور میں جب بھی اس قوم پر آزمائش کی گھڑی آئی فورسز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں سب کو عزت ملے گی اور ہم کو تقسیم کرنے والوں کے عزائم انشاءاللہ خاک میں ملیں گے، ہم تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں، انڈیا کے ساتھ کرتار پور بارڈر ایک اچھی مثال ہے اور واضح ثبوت ہے، جبکہ افغانستان کے مہاجرین کیلئے ہم نے ہر قسم کی قربانی دی۔
خبر کا کوڈ : 772183
ہماری پیشکش