اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے دفتر قائد ملت جعفریہ کی طرف سے مسجد اعظم حرم مطہر حضرت معصومہ علیھا السلام میں منعقدہ عظیم الشان "حمایت مظلومین" سیمینار میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور پروگرام کے آخر میں خطاب کیا۔ علامہ عارف واحدی نے اپنے خطاب میں پاراچنار، غزہ، جنوب لبنان پر بے انتہا ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دہشتگرد گروہ اور دہشتگرد ریاست انسانیت کے ماتھے پر سیاہ دھبہ ہیں، دنیائے انسانیت کو اس نسل کشی اور انسانی اقدار کی پامالی کے مقابلے میں متحد ہو کر سٹینڈ لینا ہوگا۔ ہم کریمہ اہلبیت حضرت معصومہ قم کے مقدس حرم سے شہدائے بزرگوار کے محترم لواحقین کے حضور تعزیت اور شہداء کے بلندی درجات کی دعا کرتے ہیں۔ تمام خطے میں عالمی سامراجی اور شیطانی طاقتوں کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2006ء کے بعد ایک پھر فاتح خیبر علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے پیروکاروں نے غاصب ریاست کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
مرکزی نائب صدر نے پاکستان میں قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ سید ساجد علی نقوی اور ملی پلیٹ فارم کی اتحاد امت، عزاداری سيد الشہداء اور تشیع کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی گفتگو کی۔ فرقہ واریت، ملک میں بدامنی اور عدم استحکام کے مقابلے میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے عظیم کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور تمام مسالک کے جید علمائے کرام کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ علامہ عارف حسین واحدی نے قائد محترم کی شخصیت اور قیادت کو امت مسلمہ اور پاکستان کے لئے اللہ تعالیٰ کی نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس مقدس حرم میں آغا کی طول عمر اور کامیابی و کامرانی کے لئے دعا کیا کریں۔ علامہ واحدی کے خطاب سے پہلے دفتر قائد ملت کے مسئول حجت الاسلام منیر حسین عسکری نے مرکزی نائب صدر اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔