اسلام ٹائمز۔ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کی مناسبت سے سی ویو کراچی پر ایئر شو کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک فضائیہ کے پائلٹس نے لڑاکا طیاروں کے ذریعے کمال مہارت کا مظاہرہ کیا جبکہ پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرز نے پیشہ ورانہ صلاحیت اور سی 130 طیارے سے ہزاروں فٹ کی بلندی سے فری فال پیرا جمپ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ ایکسپو سینٹر میں جاری دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022ء کے تسلسل میں نشان پاکستان سی ویو پر ائیر شو کا انعقاد کیا گیا، پاکستان نیوی میرینز کی جانب سے اسپیشل گن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جس کے دوران پیشہ ورانہ مظاہرہ پیش کرنے والے میرینز نے بھاری بھرکم ہتھیاروں کو مختلف زاویوں کے دوران انتہائی برق رفتاری سے ساتھ موجود دیگر میرینز کو منتقل کیا جبکہ ایک موقع پر بیک وقت دو گنز کو دائرے کی شکل میں مہارت سے گھمانے کا مظاہرہ بھی کیا، جس کو حاضرین کی جانب بڑی پذیرائی ملی۔ پاک بحریہ کے میرینز اور اسپیشل فورسز کی جانب سے انسداد دہشت گردی کے خصوصی مظاہرے کے دوران پیشہ ورانہ تربیت کا زبردست مظاہرہ کیا گیا جبکہ تینوں مسلح افواج کے مشترکہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیمو، فلائی پاسٹ، ٹرائی سروسز اسٹیٹک اور فری فال پیرا جمپ، بیچ اسالٹ سمیت دیگر مظاہرے بھی دکھائے گئے۔