اسلام ٹائمز۔ غزہ کی پٹی میں فلسطینی محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے کہا ہے کہ عمارتوں کے ملبے تلے، سڑکوں اور میدانوں میں شہید فلسطینیوں کی لاشیں اٹھانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ترجمان شہری دفاع محمود بصل نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی بمباری میں شہید 2 ہزار 842 فلسطینیوں کی لاشیں گل سڑ گئی ہیں۔ خدشہ ہے کہ غزہ میں 10 ہزار سے زائد لاشیں عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہیں۔
ترجمان شہری دفاع کے مطابق عرب اور دیگر ممالک کی جانب سے لاشوں کو نکالنے میں مدد درکار ہے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری میں شہری دفاع کے 99 کارکن شہید ہوئے ہیں۔ ترجمان شہری دفاع نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے 27 کارکنوں کو گرفتار کیا، جن کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری دفاع کے 21 میں سے 17 مراکز پر بمباری کی۔