اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما وسابق امیر سراج الحق نے کہا ہیکہ دنیا نے دیکھا کہ غزہ 470 دن اسرائیل کے محاصرے میں رہا، اسرائیل نے دنیا کا جدید ترین گولہ بارود غزہ کے نہتے لوگوں پر برسایا، اتنا برسایا جتنا امریکہ نے 15 سال میں افغانستان میں بھی نہیں برسایا تھا، اسکے باوجود اسرائیل کو غزہ میں بدترین شکست ہوئی، اسرائیل نے غزہ میں صرف اٹیم بم استعمال نہیں کیا، آج اسرائیل میں ماتم برپا ہے اور غزہ میں ہزاروں شہادتوں کے باوجود آج جشن منایا جارہا ہے کیونکہ مسلمان شہادتوں سے نہیں ڈرتے، ڈونلڈ ٹرمپ کہتا ہے کہ وہ مشرق وسطی کو جہنم میں تبدیل کردیگا مگر امریکہ حیران و پریشاں کہ اتنا بارود استمعال کرنے باوجود بھی غزہ کے لوگوں کا جذبہ جوان ہے، ہمارا ملک بھی اللہ کے نام پر بنا ہے لیکن 76 سالوں میں ایک دن کیلئے بھی اس ملک میں اسلامی نظام رائج نہیں ہوا ہے، ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ اسلام کی باتیں صرف مدراس اور مساجد تک محدود ہوگئی ہیں، اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں لارڈ میکالے کا نظام تعلیم نافذ ہے، طلبہ کو کرپشن کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ عربیہ ریاض العلوم حیدرآباد میں تقریب ختم بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 16 سالوں سے پیپلز پارٹی سندھ پر حکومت کررہی ہے لیکن آج بھی سندھ کے لوگ بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہیں، سندھ میں نوکری بھی پیسوں سے ملتی ہے، ترقیاتی کاموں میں بھاری کمیشن وصول کی جاتی ہے، مسلم لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سب جماعتیں اقتدار میں آتی ہیں لیکن عوام کو سہولت دینے کے لیے تیار نہیں، پاکستان بھر میں قائم دینی مدارس میں 45 لاکھ بچے مفت تعلیم حاصل کررہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کوئی بھی بجٹ مختص نہیں کیا گیا، عوام کے تعاون سے چلنے والے مدارس میں حکومت کیوں مداخلت کرتی ہے، حکومت کو ان اداروں میں مداخلت کرنے کا حق ہے جن کیلئے فنڈز مختص کرتی ہے، سندھ میں تعلیم کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے، متعدد اسکول بھینسوں کے باڑوں میں تبدیل اور ہزاروں اسکولوں میں اساتذہ کی قلت ہے، جہاں اساتذہ تعینات ہیں وہاں پر اسکول وڈیروں کی اوطاقیں بنی ہوئی ہی۔