متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ میں اپنے کارکنان کو ہدایت دے رہا ہوں، اے این پی کے لوگ ایم کیو ایم کو سپورٹ کریں گے۔ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے اے این پی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال اور شمشاد صدیقی کے مردان ہاؤس پہنچنے پر شاہی سید اور یونس بونیری نے استقبال کیا۔ بعدازاں ایم کیو ایم اور اے این پی کے رہنماؤں نے مردان ہاؤس میں پریس کانفرنس بھی کی۔
اس موقع پر شاہی سید نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کا بہت مشکور ہوں، یہ ہمارے پاس چل کر آئے ہیں، ہم مل کر آگے کام کریں گے۔ شاہی سید نے کہا کہ ہمارے تمام اضلاع کے صدور اور ذمہ داران ایم کیو ایم سے مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، بہت جلد کئی حلقوں پر ایم کیو ایم کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے ایک نشست کی اہمیت نہیں، آج بہت خوشی کی بات ہے، ہم کئی حلقوں میں ایم کیو ایم کا ووٹ خراب نہیں کریں گے اور ایم کیو ایم کو مکمل سپورٹ کریں گے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں شاہی سید اور ان کے تمام رفقاء کا مشکور ہوں، آج ایک تاریخی لمحہ ہے اور تاریخ اس کو یاد رکھے گی۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس 88 پر شاہی سید کے امیدوار کی بھرپور حمایت کریں گے، ہمارے کارکناں نہ صرف ووٹ بلکہ ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بدلے ایم کیو ایم کوئی مطالبہ نہیں کر رہی، ہمیں ہر وقت ہر رنگ و نسل کے لوگوں کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔