0
Tuesday 19 Sep 2023 20:36

رسول اکرم (ص) کی آمد کی خوشی منانا ہر شہری کا حق ہے، میئر کراچی

متعلقہ فائیلیںاسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ربیع الاول بابرکت مہینہ ہے، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی منانا ہر شہری کا حق ہے، ربیع الاول کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف شہری اداروں کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ جاری ہے، تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، علمائے کرام کی طرف سے ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے مسائل کی نشاندہی اہمیت کی حامل ہے، تمام مسائل کو باہمی مشاورت اور متعلقہ اداروں کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال سبزہ زار پر ربیع الاول کے انتظامات کے سلسلے میں منعقد ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں علمائے کرام اور ربیع الاول کے مرکزی جلوس اور محافل کے منتظمین نے میئر کراچی کو شہر کے مسائل سے آگاہ کیا اور فوری حل کی درخواست کی، بیشتر مسائل کا تعلق صفائی ستھرائی، ٹریفک انتظامات، لوڈ شیڈنگ، سڑکوں کی استرکاری، نالوں کی صفائی، پانی و سیوریج کے نظام کی درستگی سے تھا۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے پائیدار حل کے لیے شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جلد سے جلد تمام کاموں کو مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ربیع الاول اور محرم الحرام کے انتظامات کے لئے اجلاس تین ماہ قبل منعقد کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ربیع الاول کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے زیر انتظام مرکزی سڑکوں پر صفائی ستھرائی، روشنی اور استرکاری کے کام کرے گی، ذیلی سڑکوں اور گلیوں میں انتظامات کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ اگر اختیارات نہ ہونے کا عذر پیش کرے تو شہری ان سے کہے کہ آئندہ ووٹ لینے نہ آئیں، میں فون پر دستیاب ہوں، علمائے کرام جونہی مسائل سے آگاہ کریں گے اسے فوری حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال انشاء اللہ تمام مسائل پہلے سے حل کرلئے جائیں گے اور آخر میں یہ اجلاس صرف دعائیہ اجلاس کی شکل اختیار کرلے گا، اجلاس کے آخر میں دعا کرائی گئی، علماء کرام نے ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس میں مدعو کرنے پر میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 1082660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش