اسلام ٹائمز۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان ڈاکٹر راغب نعیمی نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہِ کیا۔ ڈاکٹر راغب نعیمی نے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں کم عمری کی شادیوں کی روک تھام سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بچوں کی کم عمری کی شادی کی روک تھام کے اقدامات کو سراہا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کیلئے اپنی سفارشات پیش کیں، جس پر چیئرپرسن سارہ احمد نے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی سفارشات پرعملدرآمد کی یقین دہائی کرائی۔ سارہ احمد نے بچوں کے تحفظ، فلاح وبہبود کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے سارہ احمد کی خدمات، بچوں کی مذہبی تعلیم اور دیگر اقدامات کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بیورو میں مقیم بچوں کی مذہبی تعلیم کیلئے مکمل تعاون کی پیشکش کی۔