اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کے قبضہ نے ہی جموں کشمیر کے جنت نما خطے کو سفاکیت اور ظلم و جبر سے جہنم زار بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کی دلفریب فضاؤں کو گولی بارود کی گن گرج سے زہر آلود بنا دیا ہے اور ہنستی کھیلتی بستیوں کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ سید علی شاہ گیلانی ریاستی گورنر کی اس تقریر کا حوالے دے رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کو پھر ایک بار جنت بنایا جائے گا۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر پر غیر ملکی فوجی قبضہ جاری ہے اس خطے کو کسی بھی صورت میں ’’جنت‘‘ میں تبدیل نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ یہ ایک آفاقی اصول اور تاریخی حقیقت ہے کہ جب بھی کوئی ظالم اور غاصب کسی مظلوم اور مجبور قوم کی زمین پر زبردستی قبضہ کرتا ہے تو وہ اُس قوم کو فساد اور تباہی کے سوا کچھ نہیں دیتا۔
سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ بھارت کی 10 لاکھ افواج کی موجودگی نے اس خطہ ارض کو بقول یورپی یونین ایک بڑے اور ’’خوبصورت جیل‘‘ کا خطاب بھی ملا۔ انہوں نے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ یہاں کے چاپلوسوں اور جی حضوریوں کی ایک کھیپ تیار کر رکھی ہے جو ہر وقت اپنے آقاؤں کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دے کر ابن الوقتی اور حاشیہ برداری کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔ سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ ہماری قوم پوری طرح متفق ہے کہ جب تک بھارت کا غاصبانہ قبضے سے ہم آزاد نہیں ہوں گے یہاں نہ تو کسی فرد کو چین اور سکون میسر ہوگا، نہ یہاں کی فضا دلفریب اور صحت افزاء ہونگی اور نہ یہاں کسی بھی تعمیر و ترقی کی راہ ہموار ہوسکے گی۔