کوئٹہ:
اسلام ٹائمز-آج نیوز کے مطابق کوئٹہ میں آئی ایس او کی القدس ریلی میں خودکش حملے اور اس کے بعد فائرنگ سے آج نیوز کے ڈرائیور غلام سرور سمیت چونسٹھ افراد جاں بحق اور ایک سو ساٹھ زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں سات صحافی بھی شامل ہیں۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے القدس ریلی دوپہر تین بجے کے قریب جوں ہی میزان چوک کے قریب پہنچی حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
حکام کے مطابق دھماکے میں دس سے پندرہ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔دھماکے کے بعد پولیس اور ریلی کے شرکا نے فائرنگ کی۔اطلاعات کے مطابق چوبیس لاشیں کمبائنڈ ملٹری اسپتال اور نو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئیں۔دھماکے کے بعد ایف سی نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا۔شہر میں سخت اشتعال اور کشیدگی ہے۔مشتعل افراد نے شہر کے مختلف علاقوں میں آٹھ گاڑیاں جلا دیں، تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔صوبائی پولیس چیف ملک اقبال کے مطابق دہشت گردی کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر جلوس کے منتظمین کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ ریلی کے لئے طے شدہ محفوظ روٹ سے باہر نہ جائیں،مگر جلوس کے شرکا نے روٹ میں تبدیلی کی۔
کالعدم لشکر جھنگوی کے ترجمان علی شیر حیدری نے میڈیا کو ٹیلی فون کر کے واقعے کی ذمہ داری قبول کی،اور بتایا کہ خودکش حملہ راشد معاویہ نے کیا۔بلوچستان شیعہ کانفرنس نے کل شٹرڈاؤن اور چالیس روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
جنگ نیوز کے مطابق کوئٹہ کے میزان چوک پر یوم القدس ریلی میں خودکش دھماکے سے 54 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہو گئے۔واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور پانچ گاڑیوں کو آگ لگا دی۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تحت یوم القدس ریلی کے شرکا میزان چوک پہنچے تو دھماکا ہو گیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے اور فائرنگ سے 54 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوئے،زخمیوں میں جیو نیوز کے کیمرہ مین عمران مختار اور سات صحافی بھی شامل ہیں۔لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال،بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال اور کمبائنڈ ملٹری اسپتال پہنچایا گیا۔
سی ایم ایچ میں 34 لاشیں،سول اسپتال میں 10 اور بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں 6 لاشیں لائی گئیں۔ کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔دھماکے کے بعد مشتعل افراد سول اسپتال پہنچ گئے اور وہاں شدید فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی،جس سے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دھماکے کے بعد مشتعل افراد نے میزان چوک میں بھی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی کوشش کی۔بعد میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔شہر میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ جناح روڈ سمیت کئی علاقوں میں دکانیں بند کر دی گئی ہیں۔
آئی جی پولیس بلوچستان ملک محمد اقبال کے مطابق دھماکہ خودکش تھا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔حملہ آور کا سر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔آئی جی کا کہنا ہے کہ یوم القدس ریلی کے موقع پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے۔