اسلام ٹائمز۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور کشمیر کمیٹی کے سابق چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔ ذرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سید فخر امام نے یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن، نظریہ پاکستان فورم ملتان، ڈیپارٹمنٹ آف ہیومن نیوٹریشن فیکلٹی آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن اور یونیورسٹی گیلانی لاء کالج بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیاں کر رہا ہے جس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں رکھنے کی کوشش کی ہے۔ مسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں۔ بھارت خود اقوامِ متحدہ میں مسئلہ کشمیر لیکر گیا تھا جہاں عالمی ادارے نے متعدد قراردادیں منظور کیں جن میں سے جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا گیا تاہم انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات سے فرار اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو ہر صورت استصواب رائے کا حق دیا جائے۔ سید فخر امام نے کہا کہ ہمارے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کشمیری ہمارے بھائی ہیں اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی آزادی کی حمایت کرتا رہے گا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد ماجد، پروفیسر عبد الماجد وٹو اور ڈاکٹر انیلا حمید نے کہا کہ کشمیری پچھلے 77 برس سے بھارتی ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں آزادی و خود مختاری دی جائے۔ اس موقع پر ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر خرم افضل، ڈاکٹر عدنان امجد، ڈاکٹر راحیل، ڈاکٹر عامر ریاض، ڈاکٹر باسط رمضان، ڈاکٹر سمیم جاوید، ڈاکٹر محمد بلال، سماجی رہنما رشید عباس خان، محمد اشرف قریشی، ڈاکٹر ریاض حسین، سمیت دیگر بھی موجود تھے۔