اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام یوم جشن ولادت نواسہ رسول، سردار جنت سیدنا امام حسینؑ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر محاذ کے مرکزی صدر حجۃ الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت، محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی میزبانی میں منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نے کہا کہ نواسہ رسولؑ کی ولادت باسعادت پر خود اللہ تعالیٰ نے ان کا نام حسینؑ رکھا، نبیؐ و علیؑ کے گھرانے کی خوشیوں کا تذکرہ خیر حُب رسولؐ و آل رسولؐ اور ایمان کامل کی نشانی ہے، آپؐ نے اپنے چہیتوں حسنین کریمینؑ کے لئے فرض نمازوں کے سجدوں کو طول دیا، ممبر سے خطبہ جمعہ چھوڑ کر حسینؑ کو جلد گود میں اٹھانے کیلئے اتر پڑے، نبی کریمؐ نے اپنے دونوں نواسوں کو سردار جنت ہونے کی بشارت و خوشخبری دی اور فرمایا حسینؑ مجھؐ سے ہے اور میںؐ حسینؑ سے ہوں۔
علماء و ذاکرین نے کہا کہ اہل بیت اطہارؑ کی افضلیت و شان میں تاقیامت آنے والے مسلمانوں کیلئے فرمایا کہ میں تمہارے لئے دو چیزیں چھوڑے جارہا ہوں ان کو مضبوطی سے تھامے رہو گے تو گمراہ نہیں ہوں گے، ایک کتاب اللہ اور دوسرا اہل بیتؑ اور میری سنت، سیدنا امام حسینؑ نے دین حق کی سربلندی و حفاظت کیلئے اپنے پورے گھرانے سمیت جان قربان کردی لیکن غیر شرعی نظام اور ظلم و جبر، ناانصافی کو قبول نہیں کیا، آج غزہ فلسطین کے مظلوم مسلمان بھی اسرائیلی خونی جارحیت و مظالم کے خلاف روزانہ درجنوں قربانیاں دے کر کردار حسینی کو زندہ کرنے کی تاریخ دہرارہے ہیں، اہل بیت اطہارؑ سے عقیدت و محبت کل ایمان ہے، آج پاکستان سمیت مسلم ممالک میں غیر شرعی، ظالمانہ، مغربی جمہوریت اور سودی نظام نے ملت اسلامیہ کو کمزور و منتشر اور اغیار کی غلامی میں دے دیا ہے۔
سیمینار سے علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، مولانا منظرالحق تھانوی، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد داؤد، شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، علامہ حسن شریفی، علامہ شیخ سکندر حسین نوربخشی، علامہ زاہد حسین ہاشمی مشہدی، علامہ سید طاہر جمال تھانوی، علامہ ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، مفتی وجیہہ الدین، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، مولانا حافظ محمد ابراہیم چترالی، مولانا مفتی علی المرتضیٰ، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک و دیگر نے خطاب کیا۔ محاذ کے نائب صدر خطیب اہل بیتؑ علامہ سید سجاد شبیر رضوی کی جانب سے یوم جشن ولادت نواسہ رسولؐ کی خوشی کے اظہار میں عقیدت و محبت و احترام کے ساتھ کیک کاٹ کر مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی، حسین الدین شاہ رحمانی نے سیدنا امام حسینؑ کی شان میں منقبت پیش کی۔