اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" اس وقت دوحہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے
الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ تہران، غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مقاومت کو کامیابی اور قیدیوں کو رہائی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ 7 اکتوبر نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کیا اور اب یہ مسئلہ علاقائی و عالمی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شام میں عوام کی تائید یافتہ کسی بھی حکومت کی حمایت کریں گے۔ اسی طرح ہم شام کی خودمختاری و سالمیت پر زور دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2 ماہ سے بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں بہت سی تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں۔ باغی گروہ "تحریر الشام" کے سربراہ "ابو محمد الجولانی" بدھ کی شب سے اس ملک کے ایگزیکٹو کے طور پر تعینات ہو چکے ہیں۔ اُن کی عبوری صدر کے طور پر تعیناتی کے بعد 2012ء سے عائد شام میں آئین منسوخ اور پارلیمنٹ و فوج تحلیل کر دی گئی۔