اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ ذرائع کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع پونچھ میں داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے خواتین کے ساتھ بھی مار پیٹ کی۔ اس دوران موبائل نیٹ ورک اور ٹیلی فون سروسز بھی معطل رہیں جب کہ ایمبولینسوں کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔ قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہو گئے۔ شہید نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے بجائے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ بے بس و مجبور والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ مودی سرکار کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کے لیے ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی۔