0
Friday 31 Jan 2025 13:03

ملک کی معیشت کو لیکر مودی حکومت عملی اقدام کی جگہ حقائق کو دبانے میں مصروف ہے، کانگریس

ملک کی معیشت کو لیکر مودی حکومت عملی اقدام کی جگہ حقائق کو دبانے میں مصروف ہے، کانگریس
اسلام ٹائمز۔ انڈین نیشنل کانگریس کے سینیئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، لیکن مودی حکومت حالات کو قابو کرنے کے لئے کچھ نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں روزگار کے مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں، مہنگائی روز بروز بڑھتی جا رہی ہے، اس وقت ملک میں بڑے پیمانے پر معاشی عدم مساوات ہے۔ پریس کانفرنس میں سابق مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کانگریس کی جانب سے تیار کردہ "معیشت کی حقیقی صورتحال" کے عنوان سے ایک رپورٹ جاری کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں کئی ایسے حقائق کا ذکر ہے جن کو مودی حکومت نے دبا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے معیشت کی جو صورتحال بتائی گئی ہے وہ حقائق سے کوسوں دور ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ معیشت کساد بازاری کا شکار ہوچکی ہے، اس سے انکار نہیں کیا جا سکتا، گزشتہ سال کی معاشی ترقی کے مقابلے میں اس سال 2 فیصد تک کی کمی آ سکتی ہے۔

کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے اس حوالے سے مزید کہا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا نہیں ہو رہے اور گزشتہ 4-5 برسوں سے تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خوراک، تعلیم اور صحت کے شعبوں سے متعلق شرح مہنگائی دوہرے ہندسے میں ہے۔ پی چدمبرم کے مطابق اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر عدم مساوات ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھتا جا رہا ہے، مودی حکومت نے اس فرق کو ختم کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے سینیئر لیڈر راجیو گوڑا نے طنز کستے ہوئے کہا کہ ملک میں "جاب لاس گروتھ" ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھ رہی ہے اور لوگوں کی تھالی مہنگی ہوتی جا رہی ہے لیکن آمدنی میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1187711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش